فیصل آباد: صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ کوشش ہے 14 اگست تک بڑے شہروں میں 40 فیصد لوگوں کو ویکسی نیٹ کردیں، ہم اپنی 40 فیصد آبادی کو ویکسین لگا دیں تو کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے 70 فیصد کیسز سامنے آرہے ہیں، ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ویکسی نیشن کروائیں اور ایس او پیز پر عملدر آمد کریں، کوشش ہے 14 اگست تک بڑے شہروں میں 40 فیصد لوگوں کو ویکسی نیٹ کردیں۔ ہم اپنی 40 فیصد آبادی کو ویکسین لگا دیں تو پھیلاؤ میں کمی آسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت فیصل آباد میں 13 لاکھ 24 ہزار لوگوں کو ڈوزز لگ چکی ہیں، صرف گزشتہ 24 گھنٹے میں 31 ہزار لوگوں کو ڈوزز لگی ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے ساتھ نیا ڈینٹل کالج بنایا جا رہا ہے، پی سی ون تیار کر کے فیصل آباد کو نیا ڈینٹل کالج دیاجائے گا، دسمبر کے آخر تک پنجاب کے ہر شہری کے پاس صحت کارڈ ہوگا۔
انہوں نے میزد کہا کہ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ صحت کے شعبے میں زیادہ سہولیات دیں، ہمارا صرف دوائیوں کا بجٹ 40 ارب روپے سے زیادہ ہے، اسپتالوں سے کہا ہے کہ یقینی بنائیں کہ مریضوں کو مفت دوائیں ملیں۔