لاہور : وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کورونا کے مثبت کیسزکی شرح بڑھ رہی ہے اور لاہورمیں مثبت کیسز کی شرح 12 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب میں کورونا کے مثبت کیسزکی شرح بڑھ رہی ہے، جس کے پیش نظر حکومت نےاسمارٹ لاک ڈاؤن لگاکرپابندیاں بڑھائی ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ لاہوراوردیگرشہروں کےاسپتالوں میں تسلی بخش انتظامات ہیں، نجی اسپتالوں کو جلد ویکسین مہیا کی جائے گی، جس کے بعد پیریامنگل سےنجی اسپتالوں میں ویکسی نیشن شروع ہوجائےگی۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا لاہورمیں مثبت کیسزکی تعداد12فیصدتک پہنچ چکی ہے، شہریوں سےدرخواست ہےبزرگ شہریوں کوویکسین لگوائیں، شہریوں کو ماسک پہن کر سب کو بچانا ہوگا۔
خیال رہے کورونا وائرس کی تیسری لہر نے تشویشناک صورت اختیار کرلی ہے ، چوبیس گھنٹے میں موذی وائرس سے20 افراد انتقال کر گئے جبکہ مزید 3 ہزارچھ سو انہترمریض سامنے آئے اور کیسز مثبت آنےکی شرح 8.4 فیصد رہی۔