لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف کی مجموعی حالت خطرے سے باہر ہے، اس طرح کی نوعیت میں پلیٹ لیٹس بڑھتے اور کم ہوتے رہتے ہیں، ان کے جینیٹک ٹیسٹ کا فیصلہ بورڈ ہی کر سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد نے نواز شریف کی طبیعت سے متعلق بیان میں کہا ہے کہ ان کے شوگر، بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن میں بہتری آئی ہے، شریف سٹی اسپتال کے ڈاکٹروں کو علاج سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ شریف سٹی اسپتال کے ڈاکٹروں سے میڈیکل بورڈ نے ملاقات کر کے تمام طبی رپورٹس اور علاج کی تفصیلات فراہم کر دیں، پاکستان میں ڈی این اے ٹیسٹ سے بیماری کی تشخیص کی جا سکتی ہے، نواز شریف کے جنیٹک ٹیسٹ کا حتمی فیصلہ میڈیکل بورڈ ہی کر سکتا ہے۔
تازہ ترین: نوازشریف کو آج شریف میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا جائے گا
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی موجودہ بیماری نئی نہیں بلکہ پرانی ہے، ان کی بون میرو اب خود سے پلیٹ لیٹس بنا رہی ہیں، مجموعی طور پر ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو آج سروسز اسپتال سے شریف میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا جائے گا، مریم نواز کی روبکار نہ آنے کی وجہ سےنواز شریف اسپتال میں ہی رک گئے تھے، انھیں گزشتہ روز ڈسچارج کر دیا گیا تھا، میڈیکل بورڈ کے ذرایع کے مطابق نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد اب 30 ہزار ہے، آج 11 بجے میڈیکل بورڈ ان کا طبی معائنہ بھیکرے گا۔