اسلام آباد : معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کےآٹھ سو بانوے مریض رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے،78 فیصد کی سفری دستاویز میں ایران شامل ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ سندھ میں تین سوننانوے اور پنجاب میں دو سو انچاس کیس جبکہ بلوچستان101،گلگت میں80کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
مختلف قرنطینہ سینٹرز میں موجود ساڑھے چار ہزار سے زائد افراد میں سے چوبیس فیصد کے ٹیسٹ مثبت آنے کا خدشہ ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ گزشتہ 24گھنٹے میں89مریض آئے جن میں63فیصد مرد،37فیصد خواتین شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 78فیصد کی ٹریول ہسٹری میں ایران شامل ہے، ملک میں مجموعی طور پر کورونا کے7ہزار736مشتبہ کیس ہیں، 635زیرعلاج مریضوں میںسے پانچ مریضوں کی صحت کو خطرہ لاحق ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ صوبائی حکومتیں کورونا کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کررہی ہیں، جو سخت کئے جارہے ہیں اس سے کورونا کم پھیلے گا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں کوشش کررہی ہیں کہ عوام گھروں تک محدود رہیں، صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے ،سخت اقدامات کے بعدامید ہے جلد کورونا وائرس پر قابو پا لیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے کورونا سے بچاﺅ کیلئے فرنٹ لائن پر ہے، این ڈیم ایم اے مطلوبہ آلات کی فراہمی ممکن بنا رہی ہے ،لوگوں کی جانب سے امدادی سامان کی فراہمی کیلئے رابطے کئے جارہے ہیں،این ڈی ایم اے تمام امدادی سامان وصول کرے گا۔