اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرزا کا کہنا ہے کہ عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بنیادی مرکز صحت شاہ اللہ دتہ کا دورہ کیا، سیکرٹری وزارت ہیلتھ ڈاکٹر اللہ بخش ملک ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹراسد حفیط بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈاکٹر ظفرمرزا کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی جانب سے درپیش چیلنجز اور مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اسلام آباد کیپٹل کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو ماڈل ہیلتھ کیئر سسٹم بنانے کا آغاز کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ماڈل ہیلتھ سنٹر کا آغاز شاہ اللہ دتہ کے بنیادی ہیلتھ یونٹ سے کر رہے ہیں۔
معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ ہر ماہ میں اس بنیادی ہیلتھ سینٹر کا دورہ کروں گا خود جاری آصلاحات اور ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ میری پوری ٹیم بڑی محنت سے اس پر کام کر رہی ہے، بنیادی ہیلتھ یونٹ کو مثالی یونٹ بنائیں گے اس کو ماڈل کے ظور پر پیش کریں گے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اسلام آباد کے صحت کے مراکز الیکٹرانک ریکارڈنگ اور کمپیوٹرز کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس یہاں کی پوری آبادی کا ڈیٹا موجود ہوگا۔
معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ لوگوں کی تمام بیماریاں اور ان کی موجودگی سے متعلق ہمارے پاس پوری آگاہی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہیلتھ کیئر سسٹم اگلے ڈیڑھ سال کے اندر اندر ایک ماڈل ہیلتھ کیئر سسٹم بن جائے گا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے میں حقیقی معنوں میں انقلابی تبدیلیاں لا رہے ہیں۔