بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

لاک ڈاؤن کرفیو کا دوسرا نام ہے، اقدامات میں سختی لارہے ہیں، ڈاکٹر ظفر مرزا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، لاک ڈاؤن کرفیو کا دوسرا نام ہے، اقدامات میں سختی لارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پروگرام ’پاور پلے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کرونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں، پاکستان اب دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، جیسے بیماری کا پھیلاؤ بڑھتا ہے حکومت اس حساب سے اقدامات کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہمیں اپنے میڈیکل اسٹاف کی صحت کا بھی خیال رکھنا ہے، گلگت بلتستان میں ڈاکٹر کی شہادت پر بہت افسوس ہے، سمجھ نہیں آرہا ڈاکٹر اسامہ جوان تھے وائرس سے اتنی جلدی کیسے انتقال کرگئے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کرونا وائرس ایک شخص سے دوسرے شخص میں تیزی سے پھیل رہا ہے، کرونا کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کررہے ہیں، لوگوں کا جتنا میل ملاپ کم ہوگا وائرس اتنا کم پھیلے گا۔

معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ اب ٹرینوں کو بھی روکنا پڑے گا، ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کردئیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 875 ہوگئی ہے اور 6مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں