کراچی : عالمی سطح پر معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکرنائیک جو ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں آج کراچی پہنچیں گے جہاں ایک تقریب میں عوام سے خطاب کریں گے۔
اس سلسلے میں گورنر ہاؤس کراچی میں گورنر سندھ کی جانب سے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے اعزاز میں آج شام7بجے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔
تقریب میں مختلف مذہبی شخصیات، اسکالرز، دینی جامعات ومدارس کے مہتمم شریک ہوں گے، اس کے علاوہ شہریوں کیلئے گورنر ہاؤس سے متصل پولو گراؤنڈ میں بڑی اسکرینیں نصب کی جائیں گی۔
اس حوالے سے گورنر ہاؤس کے سبزہ زار لان میں تقریب کی تیاریاں جاری ہیں جہاں ڈیجیٹل اسٹیج تیار کیا جارہا ہے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے رات گئے گورنر ہاؤس اور پولو گراؤنڈ کا دورہ کیا اور جاری انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے انتظامیہ کو اہم ہدایات بھی دیں، ڈاکٹر ذاکر نائیک آج قرآن و حدیث اور حکم خداوندی کے حوالے سےاہم لیکچر دیں گے۔