اسلام آباد : مہنگی ادویات کی فروخت کیخلاف ملک کے مختلف شہروں میں ڈریپ کی کارروائیاں جاری ہیں، چھاپہ مار ٹیم نے دواؤں کابھاری اسٹاک ضبط کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی واضح ہدایت کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان ( ڈریپ ) کا دوائیں مہنگی کرنے والی کمپنیوں کیخلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری ہے۔
اس سلسلے میں ڈریپ کے انسپکٹرز نے کراچی، لاہور اور پشاور میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے، جس کے نتیجے میں قیمت سے زائد پر فروخت کی جانے والی ادویات کا اسٹاک تحویل میں لے لیا گیا۔
ڈریپ ذرائع کے مطابق ڈریپ نے پشاور میں مدینہ انٹرپرائزپر چھاپہ مار کر پانچ دواؤں کا بھاری اسٹاک ضبط کیا جبکہ گارڈن مارکیٹ کراچی میں چھاپہ کے دوران ازخود مہنگی کی گئی دواؤں کی بھاری کھیپ اور لاہور میں دوا ساز کمپنی کے ڈسٹری بیوٹر پر چھاپہ کے بعد دواؤں کا اسٹاک ضبط کرلیا گیا۔
اس حوالے سے وفاقی وزیرصحت عامر کیانی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ڈریپ کا ملک گیر کریک ڈاؤن جاری رہے گا، ڈریپ کو کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم کا ادویات کی قیمتیں بڑھانے والوں کیخلاف فوری کارروائی کاحکم
انہوں نے متنبہ کیا کہ دوائیں ازخود مہنگی کرنے والی کمپنیوں کیلئے کوئی معافی نہیں ہے، حکومت عوام سے زیادتی ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔