فیصل آباد : قومی ٹیسٹ ٹیم کے کھلاڑی احمد شہزاد نے ڈریسنگ روم کا شیشہ جان بوجھ کر توڑنے کی خبروں کی تردید کردی۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ بات غلط ہے کہ میں نے بلا مار کر ڈریسنگ روم کا شیشہ توڑدیا، یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
احمد شہزاد نے کہا کہ لوگ انہیں پیار کرتے ہیں اسی لئے چھوٹی باتوں کو بھی نوٹ کرلیتے ہیں۔ ڈریسنگ روم میں میرا بیگ شیشے کے ساتھ رکھا ہوا تھا، میں نے بلا اپنے بیگ میں پھینکا تھا اور ہوسکتا ہے کہ میرا بیٹ لگنے کی وجہ سے شیشہ کریک ہوگیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہر بات اور الزام کا جواب ٹی وی پر آکر دینا ضروری نہیں ہوتا ۔ چونکہ میں خیبر پختونخوا کی ٹیم کا کپتان ہوں اس لیے نوجوان کھلاڑیوں کو اچھا پیغام دینے کیلئے ٹی وی پر آکر اس بات کی صفائی بیان کرنا ضروری خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق ڈریسنگ روم کے شیشے پر دراڑ پڑنے کا نوٹس پی سی بی نے لے لیا ہے۔ اب احمد شہزاد کو میچ فیس سے ایک نیا شیشہ لگوانا پڑے گا۔
یاد رہے کہ احمد شہزاد پر الزام ہے کہ پاکستان کپ میں بلوچستان کیخلاف سنچری نہ بنانے پر احمد شہزاد غصے میں آگئے تھے۔
اناسی رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد ڈرسینگ روم پہنچے اور طیش میں آکر بلا پھینکا جو شیشہ پر لگ گیا۔ اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے احمد شہزاد نے جان بوجھ کر شیشہ توڑنے کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔