بدھ, جون 26, 2024
اشتہار

وہ علاقہ جہاں 20 لاکھ سال سے بارشیں نہیں ہوئیں

اشتہار

حیرت انگیز

اگر آپ سے پوچھا جائے کہ زمین پر خشک ترین مقام کون سا ہے تو ہوسکتا ہے آپ جواب میں کسی صحرا کا نام لیں، ہوسکتا ہے آپ کا جواب ہو افریقہ کا صحرائے صحارا یا پھر چین کا صحرائے گوبی، لیکن آپ کا جواب غلط ہوسکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ زمین کا سب سے خشک علاقہ برفانی خطے انٹارکٹیکا میں موجود ہے جسے مک مورڈو ڈرائی ویلیز کہا جاتا ہے۔

سلسلہ وار وادیوں پر مشتمل یہ علاقہ برف سے عاری ہے اور یہاں فضا میں نمی نہ ہونے کے برابر ہے، یہ پورا علاقہ پہاڑوں سے گھرا ہے، اور یہ پہاڑ بقیہ انٹارکٹیکا کی برف کو یہاں پھسلنے سے روک دیتے ہیں۔

- Advertisement -

اس علاقے میں نمی نہ ہونے کی وجہ سے کوئی جاندار یہاں پر زندہ نہیں رہ پاتا سوائے ایک بیکٹریا کے جو اس علاقے کے گرد موجود پہاڑوں میں پایا جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں گزشتہ 20 لاکھ سال سے کبھی بارشیں نہیں ہوئیں۔ ناسا کی جانب سے کیے گئے ایک ٹیسٹ کے مطابق اس علاقے کے جغرافیائی حالات اور ماحول مریخ سے ملتے جلتے ہیں۔

کیا انٹارکٹیکا بھی ایک صحرا ہے؟

صحرا عام طور پر ایک ایسے مقام کو سمجھا جاتا ہے جہاں میلوں دور تک ریت پھیلی ہو، تیز گرم دھوپ جسم کو جھلسا رہی ہو، چاروں طرف کیکر کے پودے ہوں، اونٹ ہوں اور دور کسی نظر کے دھوکے جیسا نخلستان ہو جہاں پانی اور کھجور کے درخت ہوتے ہیں۔

تاہم ماہرین کے نزدیک صحرا کی تعریف کچھ اور ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ صحرا ایک ایسا علاقہ ہے جو خشک ہو، جہاں پانی، درخت، پھول پودے نہ ہوں اور وہاں بارشیں نہ ہوتی ہوں۔

اس لحاظ سے زمین کا سب سے بڑا صحرا قطب شمالی یعنی انٹارکٹیکا ہے۔

ماہرین کے مطابق انٹارکٹیکا کے 98 فیصد حصے پر برف کی مستقل تہہ جمی ہوئی ہے، صرف 2 فیصد علاقہ اس برف سے عاری ہے اور یہیں تمام برفانی حیات موجود ہے.

بقیہ 98 فیصد حصے پر کسی قسم کی زندگی موجود نہیں جبکہ یہاں بارشیں بھی بہت کم نہ ہونے کے برابر ہیں۔ یہ تمام جغرافیائی حالات اسے ایک صحرا بنا دیتے ہیں اور اگر اس کا رقبہ دیکھا جائے تو یہ زمین کا سب سے بڑا صحرا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں