ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑیوں کے ملکیتی کارڈ صرف 2 گھنٹے میں تیار کرنے کے اقدامات کرلیے گئے۔
اردو نیوز کے مطابق دبئی میں روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑیوں کا ملکیتی کارڈ صرف 2 گھنٹے میں تیار کر کے گھر بھجوا دیا جائے گا، ابھی یہ سہولت دبئی، ابو ظہبی اور شارجہ میں فراہم ہوگی۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ امارات کے باہر سے رابطہ کرنے والوں کو بین الاقوامی پارسل کی ترسیل کی سہولت بھی دی جائے گی۔
روڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کے مالکان کو ملکیتی کارڈ اور ڈرائیوروں کو لائسنس صرف 2 گھنٹے میں فراہم کر دیا جائے گا۔
اتھارٹی کے مطابق سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑی کی ملکیتی دستاویز میں توسیع کے حوالے سے 1 لاکھ 34 ہزار 640 درخواستیں موصول ہوئیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ان میں سے 1 لاکھ 7 ہزار 54 گاڑیوں کے ملکیتی کارڈز اور 25 ہزار 500 ڈرائیونگ لائسنس مالکان کو ان کے گھر پہنچائے گئے۔
اتھارٹی کے مطابق گمشدہ یا تلف ڈرائیونگ لائسنس کی جگہ نیا لائسنس بھی فراہم کیا گیا، ان کی تعداد 939 ریکارڈ کی گئی۔