کراچی : ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں مبینہ کرپشن اور فرائض میں غفلت برتنے پر 26 رشوت خور افسران و اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق آئی جی سندھ نے ڈرائیونگ لائسنس برانچوں پر اہلکاروں کی رشوت خوری کا سختی سے نوٹس لے کر 26 رشوت خور افسران و اہلکاروں کو معطل کردیا۔
رپورٹ کے مطابق معطل ہونے والے رشوت خور افسران اور اہلکاروں کا تعلق مختلف شہرکی مختلف ڈرائیونگ لائسنس برانچوں سے ہے۔
آئی جی سندھ کی جانب سے جاری حکم نامے میں معطل کیے جانے والے تمام افسران و اہلکاروں کو بی کمپنی رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
معطل ہونے والوں میں 3 انسپکٹر اور ایک لیڈی انسپکٹر بھی شامل ہیں اس کے علاوہ 5سب انسپکٹرز،2 اے ایس آئی رینک کے افسران بھی معطل کیے گئے ہیں۔
کراچی کی جن برانچوں میں رشوت خور افسران اور اہلکاروں کی معطلی کے اقدامات کیے گئے ان میں کلفٹن، ملیر،سعود آباد، ناظم آباد ،سعیدآباد شامل ہیں، اور سکھر برانچ کے اہلکاروں کو بھی معطل کیا گیا، معطل ہونے والے 2 اہلکاروں کا تعلق ساؤتھ زون انویسٹی گیشن، سیکیورٹی زون ٹو سے ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی ڈرائیونگ لائسنس برانچ سعود آباد میں تعینات 7 پولیس افسران و اہلکاروں معطل کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ کراچی میں اسپیشل برانچ پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف متحرک ہوگئی ہے، منظم جرائم چلانے والوں اور اسپیشل برانچ اہلکاروں میں گٹھ جوڑ کا انکشاف ہوا ہے۔