کوئٹہ : امریکی ڈرون حملے کے خلاف بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالنے کے علاوہ کئی مقامات پر امریکی جھنڈا نذرآتش کیا گیا۔
کوئٹہ میں مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کی جانب سے پریس کلب کے باہر کئے گئے مظاہرے میں تحریک منہاج القرآن، السادات قومی موومنٹ ،پاکستان ورکرز پارٹی نظریاتی اور دیگر جماعتوں کے کارکنوں نے شرکت کی۔
مظاہرین نے امریکہ کے خلاف زبردست نعرے بازی کی ،مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سید حبیب اللہ شاہ ،سید فقیر آغا،خدائے دوست خان کاکڑ اور دیگر کا کہنا تھا کہ امریکی ڈرون حملے ملکی خود مختاری اور سالمیت کو چیلنج کرنے کے مترادف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امریکی حربے برداشت نہیں کئے جائیں گے ،اس موقع پر مظاہرین نے امریکی جھنڈا بھی نذرآتش کیا۔
کوئٹہ کے علاوہ چمن ،لورالائی ،نوکنڈی،نوشکی اور صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی ڈرون حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔
نوکنڈی میں نکالی گئی احتجاجی ریلی میں نوشکی ڈرون حملے میں جاں بحق ہونے والے ڈرائیور محمد اعظم کے بچوں اور ورثاء نے بھی شرکت کی۔