میری لینڈ: امریکی ماہرین نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نیا تجربہ کیا جو انتہائی کامیاب رہا، تاریخ میں پہلی بار گردے کی پیوند کاری کے لیے ڈرون کا استعمال کیا گیا۔
یقینی طور پر آپ کو پڑھ کر اس بات کا یقین نہیں آرہا ہوگا کہ گردے کی پیوند کاری میں ڈرون کا کامیاب استعمال کیا گیا کیونکہ یہ عقل کو دنگ کردینے والی بات ہے مگر ہم آپ کو بتاتے ہیں یہ کیسے ممکن ہوا۔
امریکی ریاست میری لینڈ کے اسپتال میں زیر علاج چوالیس سالہ مریضہ کی اچانک طبیعت ناساز ہوئی اور ڈاکٹرز نے فوری گردے کی پیوند کاری کا فیصلہ کیا البتہ اتنی جلدی دوسرے اعضاء کا ملنا ناممکن تھا کیونکہ اسپتال پہنچنے کے لیے دشوار گزار راستہ طے کرنا ضروری تھا۔
مزید پڑھیں: ڈرون کے ذریعے ویکسین پہنچانے کا کامیاب تجربہ
ڈاکٹرز نے ماہرین سے مشورہ لیا اور پھر طے پایا کہ پیوندکاری کے لیے ڈرون کو استعمال کیا جائے۔ مشورے کی روشنی میں ڈاکٹرز نے دوسرے گردے کو مطلوبہ درجہ حرارت پر ایک ڈبے میں پیک کیا اور پھر اسے ڈرون کے ذریعے منتقل کیا گیا۔
ڈرون نے 2.6 میل کا فاصلہ صرف دس منٹ میں طے کیا اور اسپتال پہنچ گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق بروقت ڈرون کے پہنچنے سے مریضہ کی جان بچائی گئی، مستقبل میں بھی ڈرون کو مشکل مقامات پر جلد طبی امداد پہنچانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
یونیورسٹی آف میری لینڈ کے ڈاکٹرز اور ماہرین نے اس تجربے کو مستقبل کے لیے مفید قرار دیتے ہوئے گردے کی منتقلی کی ویڈیو اور تصاویر بھی جاری کیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق مریضہ 8 سال سے ڈائیلاسسز پر زندگی بسر کررہی تھیں البتہ اُن کی پیوند کاری کامیاب رہی اور جلد وہ صحت مند زندگی کی طرف لوٹ جائیں گی۔