دبئی : عوام کیلئے فضائی ٹیکسی سروس کے آغاز کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اس سلسے میں دبئی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ اگلے تین سال میں فضائی پبلک ٹرانسپورٹ شروع کر دی جائے گی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فضائی ٹیکسی کا کرایہ زمینی ٹرانسپورٹ جتنا تو نہیں ہوگا البتہ عوام کی بڑی تعداد اس سے مستفیض ہو سکے گی۔
دبئی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے دبئی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مطر الطایر نے کہا کہ ہم تیزی سے فضائی ٹیکسی سروس کی جانب بڑھ ہے ہیں توقع ہے کہ آغاز تین سے پانچ برس کے اندر کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فضائی ٹیکسی کے لیے بنیادی طور پر تین شرائط رکھی گئی ہیں جن میں سب سے اہم شرط مستحکم منصوبہ بندی اور انفراسٹرکچر ہے تاکہ اس قسم کے ذرائع مواصلات سے بہتر طور پر مستفیض ہوا جاسکے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈی جی ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ فضائی ٹیکسی کے لیے انتہائی بلندی کی حد 15 سو فٹ رکھی گئی ہے، ابتدائی طور پر فضائی ٹیکسی اس سے زیادہ بلند پرواز نہیں کرسکے گی تاہم بعد میں اس وقت کی ٹیکنالوجی کے مطابق اس میں کمی و بیشی کی جاسکتی ہے۔
ٹیکسی کے کرائے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ فضائی ٹیکسی سروس کے کرایوں کو مناسب رکھا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں لوگ اس سروس سے فائدہ اٹھا سکیں تاہم گراؤنڈ ٹرانسپورٹ کے مقابلے میں فضائی ٹیکسی کے کرایے زیادہ ہوں گے۔
فضائی ٹیکسی کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکسی کا مجموعی وزن سواریوں سمیت 350 کلو گرام ہو گا،50 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار مقرر کی گئی ہے فضا میں 30 منٹ تک پرواز کرے گی۔