بہاول پور: پاکستان بھی موسمی تغیرات کا شکار ہونے لگا، جس کے باعث مویشی بھی ہلاک ہونے لگے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کچھ عرصے سے خشک حالی کا شکار صحرائے چولستان کو ہیٹ اسٹروک کا سامنا ہے۔
محکمہ لائیو اسٹاک کے مطابق چولستان میں پانی کی قلت اور ہیٹ اسٹروک سے دوسو سےزائد بھیڑیں اور مویشی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ بارشیں نہ ہونے سے تالاب مکمل طور پر خشک ہوگئے ہیں، جس کے باعث مقامی افراد پینے کے پانی سے بھی محروم ہورہے ہیں۔
چولستان کے مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ تالاب ہی ان کے لئے پانی کا ذخیرہ ہے تاہم طویل عرصے سے تالابوں کی صفائی نہ ہونے سے بارش کا پانی ضائع ہوجاتا ہے اور نتیجے کے طور پر خشک سالی کا سامنا ہے۔
دوسری جانب مقامی آبادی گاڑیوں پر سامان لادے نقل مکانی کرتی نظر آتی ہے جبکہ پانی کی کمی کے باعث چولستان کا جہاز اونٹ بھی سست اور بیمار پڑنے لگا ہے۔
ادھر روجھان کے علاقہ واہ ماچکہ چک مٹ سمیت کئی علاقوں میں نہری پانی کی بندش کا معاملہ شدت اختیار کرگیا ہے، پانی کی بندش سے کاشتکاروں کے ہزاروں ایکڑ زمنیں بنجر ہورہی ہیں اور کپاس چاول اور دیگر فصلیں بروقت نہری پانی نہ ملنے سے تباہ ہوگئی ہے۔
بروقت فصلیں آباد نہ ہونے سے دیہی علاقوں کے مکینوں کا روزگار کا واحد زریعہ کھیتی باڑی تباہ حالی کا شکار ہے، کاشتکاروں کےچولہے ٹھنڈے ہوچکے ہیں اور کاشتکار معاشی بحران کا شکار ہیں، نہری پانی کی بندش پر کاشتکاروں نے شدید احتجاج کیرتے ہوئے پنجاب حکومت سے نہری پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔