فیصل آباد: باٹھاں میں نشے کےعادی شخص نے اپنے ہی اہلخانہ کو یرغمال بنالیا، پولیس ملزم سے بیوی، بیٹی کو بازیاب کرانے کےلیے کوشاں ہے۔
ایس پی مدینہ ٹاؤن سعد ارشد نشے کے عادی شخص کے گھر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملزم ابرار سے مذاکرات کے بعد ایک پستول لے لیا ہے، ملزم کے پاس ایک اور پستول موجود ہے، اسے بھی لینے کی کوشش کررہے ہیں۔
سعد ارشد کا کہنا تھا کہ نشے کےعادی ابرار جس نے اہلخانہ کو یرغمال بنایا ہے اس سے بیوی اور بیٹی کو بھی جلد بازیاب کرا لیں گے۔
آخری اطلاعات آنے تک ملزم ابرار سے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد پولیس کی بھاری نفری اسکے گھر میں داخل ہوگئی ہے، پولیس اور ایلیٹ فورس نے گھر میں داخل ہوکر پوزیشن سنبھال لی ہے۔
دریں اثنا پشاور میں بھی اس سے ملتا جلتا واقعہ پیش آیا ہے جہاں تھانہ تہکال کی حدود میں برقع پوش شخص ایک گھر میں گھس گیا، گھروالوں کی اطلاع پر پولیس نے برقع پوش شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار شخص کی شناخت لالہ زار کالونی کے رہائشی عمران کے نام سے ہوئی، گرفتار شخص نے گھریلو ناچاقی پر بیوی کے ساتھ جھگڑا کیا تھا۔
گرفتار شخص نے اپنے بیان میں کہا کہ جھگڑے پر میری بیوی ناراض ہوکر میکے چلی گئی، میں نے پریشانی میں نشہ آور گولیاں کھاکر یہ اقدام کیا، مجھے پتہ نہیں چلا، متاثرہ فریق کی درخواست پر اصل حقائق جاننے کیلئے پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔