کراچی: جناح ایئرپورٹ پر کسٹمزحکام نے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مسافرکے سامان سے کروڑوں روپے کی منشیات برآمد کرلی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کلکٹر کسٹمز نے اس حوالے سے بتایا کہ جدہ جانیوالے مسافرکے سامان سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی ہے۔
کلکٹر کسٹمز کے مطابق مسافر نے ایم فیٹا مائن منشیات سوٹ کیس میں چھپائی ہوئی تھی،برآمد کی گئی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 6 کروڑ روپے ہے۔ ملزم کوکسٹم اورنارکوٹکس ایکٹ کے تحت ایف آئی آردرج کرکے گرفتارکرلیاگیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کسٹمز انٹیلی جنس انویسٹی گیشن کراچی نے اربوں روپے کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 10ارب پچا س کروڑ سے زائد مالیت کی اسمگل شدہ اشیا پکڑی تھیں۔
کسٹمز انٹیلی جنس کراچی کی جانب سے اسمگل شدہ اشیا اور درآمدات کی خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔
کسٹمز انٹیلی جنس انویسٹی گیشن کراچی نے اربوں روپے کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی تھی جبکہ رواں مالی سال کے 5 مہینوں میں 10ارب پچا س کروڑ سے زائد مالیت کی اسمگل شدہ اشیا کو پکڑا گیا۔
انڈر انوائسنگ اورمراعات کے غلط استعمال کے خلاف کارروائیوں سے 5 ارب40کروڑ ریونیوحاصل ہوا اور 5 ماہ میں 5 ارب روپے سے زائد مالیت کی اسمگل شدہ اشیا ضبط کیں۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 74 کروڑ 70لاکھ روپے کی اسمگل شدہ اشیا ضبط کی گئی تھی جبکہ رواں سال اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں 570 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
کسٹمز نے اربوں مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط کیا
بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں پرتمام درآمدی اور برآمدی کسٹمز کلیئرنس کی نگرانی کو بڑھایا گیا اور ڈالر کا غیر قانونی لین دین اورمنی لانڈرنگ کے پانچ کیسز پکڑے گئے۔