منگل, اپریل 22, 2025
اشتہار

ڈرم سرکل : لوگوں کو انزائٹی ڈپریشن اور ذہنی تناؤ سے بچانے کا انوکھا اور دلچسپ انداز

اشتہار

حیرت انگیز

مشہور مقولہ ہے کہ ’موسیقی روح کی غذا ہے‘ اس لیے بہت سے لوگ اسے سننے کو ترجیح دیتے ہیں جس سے انہیں انزائٹی ڈپریشن سے چھٹکارا اور ذہنی سکون میسر ہوتا ہے لیکن کیا موسیقی یا ڈرم سرکل بیماریوں کے علاج کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے؟

کچھ ایسا ہی کراچی کے ایک نوجوان شہری محسن قاضی بھی کررہے ہیں جو نوجوانوں کو انزائٹی ڈپریشن اور ذہنی تناؤ سے بچانے کیلیے موسیقی کے ذریعے ان کو علاج کے ساتھ ساتھ صحت مند تفریح بھی فراہم کر رہے ہیں۔

نوجوان ڈرمر اور ’دی کراچی ڈرم‘ کے بانی محسن قاضی دنیا کو یہی پیغام دے رہے ہیں کہ خوش رہا کرو کیونکہ زندگی آسان ہے اور خوش رہنا بھی آسان۔

آج سے نو سال قبل شروع ہونے والا محسن قاضی کا یہ ’ڈرم سرکل‘ لوگوں کو ذہنی سکون کی فراہمی اور انہیں ڈپریشن و انزائٹی سے چھٹکارا دلانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اس ڈرم سرکل کی سرگرمیوں میں ڈرم، ڈف اور مسکراہٹیں ہوتی ہیں، لیکن ساتھ ہی ایک چیز کا بہت چرچہ ہوتا ہے اور وہ ہے ’انڈہ پراٹھا‘ جس کا اظہار گروپ کی صورت میں گا کر کیا جاتا ہے۔

اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محسن قاضی نے بتایا کہ وہ ماضی میں خود بھی اس مشکل کیفیت سے گزر چکے ہیں اسی لئے اب رضاکارانہ طور پر لوگوں کو انزائٹی اور ڈپریشن جیسی صورتحال سے باہر نکالنے کیلئے ان کی مدد کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔

محسن قاضی کی ٹیم کے ممبران کی بھی یہی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ڈرم سرکل میں آنے والے لوگوں کو اس موسیقی سے اتنا مدہوش کردیں کہ ان کے اندر موجود خوشی کا جذبہ امڈ آئے اور وہ سارے غموں اور فکروں سے آزاد اور بچوں کی طرح بے فکر ہوکر اپنی زندگی کو انجوائے کریں۔

عمر کے فرق کو بھول کر کچھ وقت کیلئے ڈرم بجانا، جُھومنا گانا اور ساری الجھنوں کو بُھلا دینا یہی پیغام ہے محسن قاضی کا۔ اگر ہم اپنے اور دوسروں کیلئے آسانیاں پیدا کریں تو زندگی بہت آسان ہوجائے۔

یاد رہے کہ اضطراب، ذہنی تناؤ کو کم کرنے اور ذہنی طور پر صحت مند رہنے کے لیے ماہرین صحت بھی میوزک تھراپی کو غیر معمولی صلاحیت کا حامل قرار دیتے ہیں۔

ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

اہم ترین

مزید خبریں