بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے منیام ضلع میں نشے میں دھت شخص بجلی کے کھمبے پر چڑھ کر تاروں پر لیٹ کر نیند کے مزے لینے لگا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایم سنگی پورم گاؤں میں پیش آئے اس انوکھے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہی ہے۔
مذکورہ واقعہ منگل کو پیش آیا جب نشے میں دھت شخص کھمبے پر چڑھ گیا۔ علاقہ مکینوں کو علم ہوا تو سب کھمبے کے اردگرد جمع ہوئے اور اسے نیچے اترنے کیلیے منت سماجت کرنے لگے۔
مقامی لوگوں نے فوری طور پر ٹرانسفارمر بند کر دیا تاکہ اسے کرنٹ نہ لگے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ تاروں پر لیٹ کر نیند کر رہا ہے جبکہ نیچے ہر کوئی پریشان ہے۔
تھوڑی دیر بعد لوگ اسے نیچے لانے میں کامیاب ہوئے جبکہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
اس سے قبل تھانے ضلع کے شاہ پور کے قریب ناسک ممبئی قومی شاہراہ پر نئے سال کی شام کو غیر ملکی ساختہ شراب سے لدا ایک ٹرک الٹ گیا۔
ٹرک ڈرائیور مبینہ طور پر نشے میں گاڑی چلا رہا تھا۔ اسے ممبئی سے تقریباً 80 کلومیٹر دور لاہے گاؤں کے قریب حادثے کے بعد حراست میں لیا گیا۔