فیصل آباد : قانون کے محافظ نے سرعام شراب پی کر غل غپاڑہ شروع کردیا، بیچ چوک پر بیٹھ کر شراب کی پوری بوتل چڑھا گیا ،نشے میں دھت اہلکار عبداللہ نے شہریوں کو گالیاں دیں، سی پی او نے کانسٹیبل کو معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں شراب کے نشے میں دھت پولیس اہلکار صدیق آپے سے باہر ہوگیا، منشیات فروشوں کےخلاف کارروائیاں کرنے کی دعویدار پنجاب پولیس کے ایک اہلکار نے سورج کی روشنی میں شراب کی محفل سجا لی اور ہوش کھو بیٹھا۔
اے آر وائی نیوز کو موصول ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فیصل آباد کے مدینہ ٹاؤن تھانے کا اہلکار عبداللہ نشے میں چور ہے، وردی میں ملبوس اہلکار نے شہریوں کو خوب مغلظات بکیں اور ریسکیو اہکاروں کو بھی نہ بخشا.
ریسکیو اہلکار اسے روکنے کی کوشش کرتا رہا لیکن وہ کسی صورت نہ مانا، مذکورہ پولیس اہلکار گارڈن ناکے پر تعینات تھا۔
اے آر وائی نیوز پرخبرنشر ہونے کے بعد سی پی او نے کانسٹیبل عبداللہ کو معطل کر دیا، انہوں نے ایس پی مدینہ ٹاؤن کوانکوائری افسر مقرر کرتے ہوئے معاملے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔