ہر سال موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی جلد خشک ہونا شروع ہو جاتی ہے، جس کی بڑی وجہ ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونا ہے، لہٰذا جلد کی حفاظت کا انتظام موسم کے آغاز سے ہی کردینا چاہیے۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر خرم مشیر نے ناظرین کو مفید مشورے دیئے۔
انہوں نے بتایا کہ ہوا میں نمی کے تناسب کی کمی کی وجہ سے اس کا اثر ہماری جلد پر پڑتا ہے اور جلد کھردری اور خشک ہونے کے ساتھ پھٹنے بھی لگتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سرد موسم میں پانی کا استعمال کم نہیں کرنا چاہیے بلکہ چائے کافی وغیرہ سے اجتناب زیادہ بہتر ہوتا ہے، کیونکہ یہ گرم مشروبات جسم میں مزید خشکی پیدا کرتے ہیں۔
ڈاکٹر خرم مشیر نے بتایا کہ جو لوگ سردی سے بچنے کیلئے ہیٹر استعمال کرتے ہیں جو خشکی پیدا کرتا ہے اس کیلئے ضروری ہے کہ کمرے کے اندر ایک برتن میں سادہ پانی بھر کر رکھیں، اس سے یہ ہوگا کہ ہوا میں نمی برقرار رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں بالوں میں پیدا ہونے والی خشکی سے نجات کیلئے بیٹا سالک لوشن اور ٹی ٹری آئل کو ملا کر استعمال کریں، اس آئل کو روانہ رات کو بالوں کی جڑوں میں لگا کر سوئیں اور صبح دھولیں خشکی کا خاتمہ ہوجائے گا۔