حیدرآباد: ڈی ایس پی قاسم آباد کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔
اے آر وائی نیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آصف چانڈیو نے ڈی ایس پی قاسم آباد فیض محمد دایو کو قتل کرنے کے بعد ان کے ڈرائیور کو بھی مارنے کی کوشش کی اور اس پر بھی فائرنگ کی مگر ڈرائیور غلام قادر وہاں سے بھاگ کر اپنی جان بچانے میں کامیاب رہا۔
واضح رہے کہ 3 فروری کو حیدرآباد کے علاقے پکوڑا چوک کے قریب ڈی ایس پی قاسم آباد فیض محمد دایو کو گن مین نے گولی مار کر قتل کردیا تھا جبکہ ملزم کو جائے حادثے سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی ایس پی کو کیوں قتل کیا؟ سپاہی نے وجہ بتادی
ملزم نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ میرے ساتھ کافی عرصے سے زیادتیاں ہورہی تھیں، مجھے دباؤ میں رکھا جاتا تھا تنگ آگیا تھا اسی لیے یہ قدم اٹھایا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ڈی ایس پی سول کپڑوں میں پولیس موبائل میں سوار تھے اس دوران سپاہی آصف چانڈیو سے ان کی تلخ کلامی ہوئی جس پر سپاہی نے طیش میں آکر فائرنگ کردی تھی۔
ڈی ایس پی فیض محمد دایو کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی تھی۔
ڈی ایس پی فیض محمد دایو ٹھارو شاہ کے رہائشی تھے جبکہ گن مین آصف چانڈیو دادو کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔