متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں دبئی مواصلات اور روڈ اتھارٹی کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے فضائی ٹیکسی اسٹیشن کی تعمیر کے منصوبے پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فضائی ٹیکسی اسٹیشن کا باقاعدہ افتتاح سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں کردیا جائے گا۔
امارات الیوم کی رپورٹ کے مطابق فضائی ٹیکسی سروس سے متعلق کمپنی ’جوبی‘ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ’فضائی ٹیکسی سروس سے نئے دور کا آغاز ہو گا جو تحفظ ماحولیات کے حوالے سے بھی بہتر ہو گی‘۔
دبئی ٹرانسپورٹ اینڈ روڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر کے مطابق فضائی ٹیکسی سروس کے حوالے سے مزید اسٹیشنز کی تعمیر کے مقامات کا بھی عنقریب آغاز کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا فضائی ٹیکسی سروس کو بڑے ہوٹلوں، ایئرپورٹس اور سیاحتی مقامات کے روٹس پر استعمال کیا جائے گا، جبکہ دبئی کے مختلف علاقوں میں چار فضائی ٹیکسی اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے۔
فضائی ٹیکسی کے 6 پنکھے ہوں گے جبکہ چار بیٹریاں اس میں فٹ ہوں گی جو 161 کلو میٹر تک کی مسافت طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ فضائی ٹیکسی سروس کے منصوبے سے منسلک کمپنی کی تیار کردہ ائیر ٹیکسی چار سیٹوں والی اور رفتار 320 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہو گی۔
ائیرٹیکسی کا ٹیک آف اور لینڈنگ عمودی ہوگا جس کے لیے روایتی رن ویز کی ضرورت نہیں ہوگی جو عام مقامات پر بھی لینڈ کرسکتی ہیں۔
دبئی آنے والے سیاحوں کیلئے اہم خبر
ائیرٹیکسی کے ذریعے جمیرا بیچ سے ایئرپورٹ تک 10 منٹ میں پہنچ سکتے ہیں جو عام طورپر زمینی ٹیکسی سے 45 منٹ کی مسافت ہے۔