دبئی: پی ایس ایل کے چھٹے میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلےکے بعدلاہورقلندرزکو 3 وکٹوں سے شکست دے دی، ایونٹ میں یہ پشاور زلمی کی دوسری فتح ہے۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے چھٹے میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 59 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کر کے سب کو حیران کیا کیونکہ یہ پی ایس ایل کی تاریخ کا کسی بھی ٹیم کی جانب سے بنایا گیا سب سے کم اسکور تھا۔
اتوار کو کھیلے جانے والے واحد میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی جو کہ درست فیصلہ ثابت ہوا اور پوری لاہور قلندر صرف 10 اوورز میں محض 59 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئی۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے اننگز کا آغاز کیا تو چار رنز کے مجموعی اسکور پر اُس کے دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، تاہم ساتویں اوور کی پہلی بال پر کامران اکمل بھی آوٹ ہوگئے اس طرح 24 کے مجموعی اسکور پر زلمی کی ٹیم چار وکٹ گنوا چکی تھی۔
شاہد آفریدی نے مورگن کے ہمراہ بیٹنگ لائن کو سہارا دینے کی کوشش کی تو وہ 13 رنز بنا کر 47 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے، نئے آنے والے بیٹسمین مجموعی اسکور میں ایک رن اضافے کے بعد آوٹ ہوگئے۔
پشاور زلمی کے کپتان سیمی 51 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے تو اس طرح پشاور زلمی 7 وکٹ کے نقصان پر آکھڑی ہوئی، تاہم جورڈن اور وہاب ریاض نے محتاط انداز میں کھیل پیش کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلوائی۔ پشاور زلمی نے پی ایس ایل دوسرے ایڈیشن میں اب تک تین میں سے دو میچوں میں فتح اپنے نام کرلی ہے۔
لاہور قلندرز کے 9 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے صرف فخر زمان 33 رنز اور محمد رضوان 11 رنز بنا کر سرفہرست رہے جب کہ عمر اکمل سمیت چار بلے باز بغیر کوئی اسکور بنائے پولین واپس لوٹ آئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے اسپینر حسن علی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی جب کہ کرس جورڈن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور وہاب ریاض، شاہد آفریدی، محمد حفیظ اور محمد اصغر نے ایک ایک وکٹ سمیٹی جب کہ ایک کھلاڑی رن لیتے ہوئے آؤٹ ہوا۔