دبئی : دنیا بھر سے روزگار کے حصول کیلئے دبئی جانے والے غیر ملکیوں کیلئے دبئی امیگریشن نے تمام اقامہ ہولڈرز کی سہولت کیلئے اہم اقدام کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں محکمہ امیگریشن نے پاسپورٹ کی گمشدگی اور اس پر دوبارہ ویزا لگائے جانے کے مراحل کی وضاحت کی ہے۔
ایسے اقامہ ہولڈرز جن کے ویزا لگے ہوئے پاسپورٹ گم ہو جاتے ہیں وہ نیا پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد ان پر دبئی کا ویزا دوبارہ لگوا سکتے ہیں۔
امارات الیوم اخبار کے مطابق دبئی میں امیگریشن کے ادارے کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اقامہ ہولڈر غیرملکی جن کے کارآمد پاسپورٹ جن پر دبئی کاویزا لگا ہوا ہے انہیں چاہئے کہ پاسپورٹ کی گمشدگی کی اطلاع متعلقہ تھانے میں کریں جس کے لیے باقاعدہ فارم بھرنا ہوگا۔
پاسپورٹ کی گمشدگی کی اطلاع دینے کے لیے امیگریشن آفس کی جانب سے مختلف درجہ بندی کی گئی ہے جس کے مطابق غیرملکی کی زیر کفالت فیملی ممبران میں سے کسی کا پاسپورٹ گم ہونے کی صورت میں قریبی تھانے میں اطلاع کی جائے۔
ملازمت پیشہ افراد جو کسی کمپنی میں کام کرتے ہیں انکا پاسپورٹ گم ہونے پر گورنریٹ کے شعبہ ویزا میں اطلاع کرنے سے قبل متعلقہ پولیس سٹیشن میں کمپنی کے لیٹرپیڈ پردرخواست دی جائے جس میں پاسپورٹ کا نمبر اورگمشدگی کی تفصیلات درج ہوں۔
اس کے علاوہ مقامی تھانے میں دی جانے والی درخواست کے ہمراہ کمپنی کے لائسنس کی کاپی بھی منسلک کی جائے۔
گھریلو ملازمین کا کارآمد پاسپورٹ گم ہونے کی صورت میں پولیس سٹیشن کو دی جانے والی درخواست میں کفیل کی معلومات بھی فراہم کی جائیں اوراس کے ساتھ کفیل کے پاسپورٹ کی کاپی بھی منسلک کی جائے۔
امیگریشن قانون کے مطابق پاسپورٹ گم ہونے کی اطلاع متعدد اداروں میں دی جاتی ہے جن میں غیر ملکیوں کے امورسے متعلقہ ادارہ اور دبئی کی عدالت کا مخصوص شعبہ شامل ہے۔
پولیس میں دی گئی ابتدائی رپورٹ کے ساتھ گورنریٹ میں ویزہ سیکشن اور پراسیکیوشن کے ادارے اور اس کے بعد غیر ملکیوں کے امور سے متعلق ادارہ جہاں سے ویزا جاری ہوا تھا کوبھی مطلع کیاجائے گا۔
ان اداروں سے درخواست اورابتدائی پولیس رپورٹ کی تصدیق کرانے کے بعد دوبارہ اسی پولیس سٹیشن جہاں سے ابتدائی رپورٹ حاصل کی گئی تھی سے پاسپورٹ کی گمشدگی کا باقاعدہ سرٹیفکیٹ حاصل کیاجائے۔
پاسپورٹ کی گمشدگی کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بعد اپنے ملک کے سفارتخانے سے نیا پاسپورٹ جاری کرایا جائے جس کے بعد غیرملکیوں کے امورکے ادارے سے رجوع کیا جائے جہاں نئے پاسپورٹ پر ویزا اسٹمپ کر دیا جائے گا۔ ویزا اسی تاریخ کے لیے کارآمد ہوگا جو پرانے ویزے کی ایکسپائری تھی۔
اقامہ ہولڈر کا پاسپورٹ دبئی سے باہر گم ہونے کی صورت میں وہ اپنے ملک کے قانون کے مطابق ڈبلیکیٹ پاسپورٹ جاری کرائے گا جس کے بعد دبئی کے سفارت خانے سے رجوع کرکے وہاں سے انٹری پرمٹ حاصل کیا جائے تاکہ دبئی میں داخل ہوا جا سکے۔