کراچی: شہید ملت روڈ پر چند روز قبل ٹریفک حادثے میں 3 افراد جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا، پولیس نے اس واقعے کے ذمہ دار ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کو شہید ملت روڈ پر انڈر پاس میں تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار دی تھی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار دادا، دادی اور پوتا جاں بحق ہو گئے تھے، واقعے کے بعد حادثے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے ڈمپر سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔
ہل پارک انٹر سیکشن پر قائم انڈر پاس میں تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری اور کافی دور تک اسے رگڑتا ہوا ساتھ لے گیا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار تینوں افراد موقع ہی پر جاں بحق ہو گئے تھے۔
پولیس نے آج ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر کے ڈمپر تحویل میں لے لیا ہے۔
شہر قائد میں آج دیگر ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ 3 زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرایع کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن چورنگی کے قریب ایک کار بے قابو ہو کر الٹ گئی جس سے کار سوار ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔
کراچی کے علاقے بھینس کالونی روڈ نمبر 12 پر موٹر سائیکل سوار نالے میں گر کر جاں بحق ہو گیا، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص کی شناخت 40 سالہ محمد اکبر کے نام سے ہوئی ہے، جس کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔