کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ڈمپر حادثات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ کسی کو بھی ڈمپرز یا ہیوی گاڑیوں کو جلانے کی اجازت نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی پر ڈمپر کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے ایک شخص زخمی ہونے پر مشتعل افراد نے مختلف علاقوں میں 10 ہیوی گاڑیوں کو آگ لگا دی ہے۔
وزیر داخلہ سندھ نے گاڑیوں کو آگ لگائے جانے کا نوٹس لے لیا ہے، ضیا لنجار نے کہا ڈمپرز حادثات میں ملوث ڈرائیورز کو گرفتار کرنے کے واضح احکامات ہیں، کسی کو بھی ڈمپرز یا ہیوی گاڑیوں کو جلانے کی اجازت نہیں ہے، جو بھی شہر کا امن خراب کرنے اور دہشت پھیلانے میں ملوث ہے گرفتار کیا جائے گا۔
نارتھ کراچی حادثہ : مشتعل افراد نے 10 ٹرک اور ڈمپروں کو جلا دیا
ضیا الحسن لنجار نے کہا پولیس کو گاڑیاں جلانے والے تمام افراد کو گرفتار کرنے کے احکامات دیے ہیں، سہراب گوٹھ احتجاج سے متعلق پولیس کو ہدایات دے دی ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں رات گئے مشتعل افراد نے 5 ڈمپرز سمیت 10 گاڑیوں کو آگ لگا دی ہے، نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی پر ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گیا تھا، پولیس کے مطابق ڈمپر ڈرائیور ناگن چورنگی سے مختلف گاڑیوں کو ٹکریں مارتا ہوا آ رہا تھا، حادثے کے بعد مشتعل افراد نے پاور ہاؤس کے قریب پانچ ڈمپروں کو آگ لگائی۔
مدیحہ اسٹاپ پر پانی کے 3 ٹینکروں اور ٹرک کو بھی آگ لگائی گئی، سرجانی ٹاؤن بابا موڑ پر بھی ٹینکر نذر آتش کیا گیا، مشتعل افراد نے ڈمپر مافیا کے خلاف احتجاج بھی کیا، جسے پولیس نے منتشر کر دیا، دوسری طرف گاڑیاں جلائے جانے پر ڈمپر مالکان نے بھی احتجاج کیا، جسے پولیس سے مذاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا۔