اکثر لوگوں کو گاڑی، کشتی یا طیارے میں سفر کے دوران متلی، قے، یا سر چکرانے جیسی شکایات لاحق ہوتی ہیں یہ محض اتفاق یا عام بات نہیں بلکہ یہ ایک خاص بیماری کی جانب اشارہ ہے ۔
ماہرین صحت کے مطابق اس کیفیت کو ’’موشن سک نس‘‘ کی بیماری کا نتیجہ قرار دیا جاتا ہے، تاہم یہ اتنا پیچیدہ مسئلہ نہیں کیوں کہ اس صورتحال سے چند ٹوٹکوں یا تجاویز پر عمل کرکے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔
آپ نے مشاہدہ کیا ہوگا کہ کئی بار جب ہم سفر پر ہوتے ہیں تو تھوڑی دیر بعد ہمیں متلی ہونے لگتی ہے۔ درحقیقت اسے حرکت کی بیماری یا موشن سک نیس کہتے ہیں۔ یہ مرض کسی بھی عمر میں اور کسی کو بھی ہوسکتا ہے۔
دراصل، حرکت کی بیماری ایک بہت عام بیماری ہے۔ گاڑی کی رفتار کی وجہ سے سفر کے دوران یہ ایک مسئلہ محسوس ہوتا ہے۔ اس کی وجہ سے پیٹ میں ہلچل ہوتی ہے اور متلی شروع ہوجاتی ہے۔
لہذا، آج ہم آپ کو کچھ ایسے ہی ٹوٹکے بتاتے ہیں جو آپ کو سفر کے دوران متلی یا قے سے بچا سکتے ہیں۔
1۔ پانی یا کاربونیٹیڈ مشروبات پئیں
سفر کے دوران متلی یا قے کے لیے پانی یا کاربونیٹیڈ مشروبات پینا بہت فائدہ مند ہے یہ متلی اور الٹی کو روک سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ جسم میں ہائیڈریشن کو بحال کرنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔ یہ جسم میں الیکٹرولائٹ کو متوازن کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔
اس لیے جب بھی آپ کو قےاور متلی ہو تو یہ مشروب پئیں۔ اس دوران یہ بات ذہن میں رکھیں کہ سب سے پہلے سادہ پانی پئیں اور پھر اس کے بعد یہ ڈرنک پئیں۔
2۔ ہینگ کھانا بھی مفید ہے
ہینگ کی گولی معدے کو آرام دیتی ہے اورمتلی کو بھی دور کرتی ہے، ایسی حالت میں آپ کو سفر کے دوران کچھ ہینگ کی گولیاں بنا کر اپنے ساتھ رکھنی چاہئیں تاکہ جب بھی متلی اور قے محسوس کریں تو یہ گولیاں استعمال کرلیں۔ ہینگ نظام ہاضمہ کے لیے بہت فائدہ مند ہے اور یہ معدے میں بننے والی گیس کوختم کرتی ہے اور متلی اور قے کے احساس کو بھی مٹاتی ہے۔
3۔ ادرک کا استعمال
متلی کی صورت میں ایک کپ گرم ادرک کی چائے پئیں یا تازہ ادرک کو نمک ملا کر چبائیں، سفر کے دوران تھرماس میں یہ چائے بنا کر رکھی جا سکتی ہے۔ درحقیقت، ادرک الٹی کی روک تھام اور علاج کے لیے محفوظ اور موثر ہے۔ دراصل ادرک میں تیزابیت مخالف خصوصیات ہوتی ہیں جو تیزابیت کو کم کرتی ہیں۔
4۔ سونف کھانا بہتر ہے
سونف کے بیجوں کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ نظام انہضام کو پرسکون کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ لیکن سونف قے کے لیے بہت مؤثر طریقے سے کام کرتی ہے۔ ایسے میں سفر کے دوران سونف اپنے ساتھ رکھیں۔ پھر جیسے ہی آپ کو متلی یا قے محسوس ہو اسے چبا کر کھائیں۔ یہ معدے کو پرسکون کرتا ہے اور ماؤتھ فریشنر کا کام بھی کرتا ہے۔
5۔ لونگ یا الائچی کھائیں
لونگ اور الائچی موشن سک نیس کی وجہ سے ہونے والی متلی اور الٹی کے لیے ایک بہترین اور فوری علاج ہیں۔ اس میں یوجینول بھی ہوتا ہے جو کہ اینٹی بیکٹیریل کا کام کرتا ہے۔ لونگ اور الائچی اپنے ساتھ رکھیں اور جب آپ راستے میں متلی محسوس کریں تو فوراً کھائیں۔ یا سفر کے شروع میں الائچی چبانا شروع کردیں۔
کوشش کریں کہ سفر کے دوران کھڑکی کے پاس بیٹھیں تاکہ تازہ ہوا آتی رہے اس سے سفر کے دوران بیماری میں کمی آئے گی۔ اس کے علاوہ، باتیں کرتے ہوئے ،راستے کی چیزوں پر غور کرتے ہوئے جائیں اپنے اوپر توجہ کم دیں کہ طبیعت خراب ہو رہی ہے یا خراب ہوگی۔