کراچی : مختلف علاقوں میں گرد آلود تیز ہواؤں کے باعث حد نگاہ شدید متاثر ہوکر1کلومیٹر رہ گئی، مختلف علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوئی، گردو غبار کے باعث ہر شے دھول مٹی سے بھر گئی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ بلوچستان اور سندھ میں بارش برسانے والا سسٹم شہر کراچی سے گزر رہا ہے جس کے باعث مختلف علاقوں میں گردآلود تیزہوائیں چل رہی ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں ائیرپورٹ، حیدری، ناظم آباد، ایف بی ایریا اور دیگر مقامات میں گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق گرد آلود ہواؤں کے سبب حد نگاہ شدید متاثر ہوکرصرف ایک کلومیٹر رہ گئی۔
شہر کا موجودہ درجہ حرارت29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، مغربی سسٹم کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوئی ہے، کراچی میں15کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، تیزاور گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ ہفتہ کی دوپہر تک جاری رہے گا۔