ایمسٹرڈیم: نیدر لینڈ کی کمپنی نے دنیا کی پہلی سولر الیکٹرک کار متعارف کروانے کا اعلان کردیا ہے۔
دنیا میں ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کیلئے پٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کا استعمال کم کرنے اور انہیں ماحول دوست ذرائع پر منتقل کرنے کیلئے تیزی سے کام ہورہا ہے، اور اس ضمن میں کمپنیوں کی جانب سے بڑی تعداد میں الیکٹرک گاڑیاں متعارف کروائی جارہی ہیں۔
لیکن اب صارفین بہت جلد سورج کی روشنی سے چلنے والی کار کو بھی استعمال کرسکیں گے، نیدرلینڈ کی ایک کمپنی نے دنیا کی پہلی سولر الیکٹرک گاڑی صارفین کو فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے،
یہ گاڑی نیدرلینڈ کی لائٹ ایئر نامی ایک کمپنی کی جانب سے متعارف کروائی جارہی ہے، کمپنی نے 60 کلو واٹ کی الیکٹرک موٹر والی 949 گاڑیاں تیار کرلی ہیں جس کی چھت اور دروازوں پر سولر پینل نصب ہوں گے۔
کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ گاڑی سولر اور الیکٹرک بیٹری کی بدولت ایک مرتبہ چارج کرنے سے 700 کلو میٹر سے بھی زیادہ سفر کرسکے گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس گاڑی کی قیمت ڈھائی لاکھ یورو(پاکستانی 5 کروڑ 35 لاکھ روپے سے بھی زائد) رکھی گئی ہے جبکہ یہ گاڑی آئندہ چند ہفتوں میں یورپ میں صارفین کے لیے دستیاب ہوں گی۔
دوسری جانب کمپنی کم قیمت والا ماڈل بھی تیار کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے جس کی قیمت 30 ہزار یورو سے شروع ہوگی۔