منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

دنیا کی سب سے بونی گائے چل بسی، ہزاروں شائقین افسردہ

اشتہار

حیرت انگیز

ڈھاکا: دنیا کی سب سے بونی گائے بیماری سے چل بسی، ہزاروں شائقین اس کی موت پر افسردہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بنگلادیش میں وسیع پیمانے پر شہرت حاصل کرنے والی دنیا کی سب سے چھوٹی گائے، جسے رانی کا نام دیا گیا تھا، جمعرات کو دوران علاج مر گئی۔

رانی، جو صرف 51 سینٹی میٹر (20 انچ) لمبی اور اس کا وزن 26 کلو گرام (57 پونڈز) تھا، دنیا کی سب سے چھوٹی گائے کے اعزاز کے حصول کے لیے مقابلے میں شامل تھی۔

مقامی لائیواسٹاک افسر ساجد الاسلام نے میڈیا کو بتایا کہ رانی کے معدے میں بہت زیادہ سوجن ہو گئی تھی، جس پر اسے علاج کے لیے جمعرات کو لے جایا گیا، تاہم جانوروں کے ڈاکٹرز اسے بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے اور وہ چند ہی گھنٹوں بعد مر گئی۔

انھوں نے بتایا کہ رانی کے معدے میں ہونے والی سوجن بہت زیادہ خوراک کھانے اور گیس جمع ہونے کی وجہ سے ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ رانی بنگلا دیش میں مقامی سیلیبریٹی کی حیثیت رکھتی تھی، ڈھاکا کے قریب ایک علاقے ساور کے ایک فارم میں مقیم اس گائے کو لوگ بڑی تعداد میں اسے دیکھنے آتے تھے، تقریباً 2 سال عمر کی یہ گائے اپنی معصومیت کی وجہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھی۔

رانی کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ملک گیر لاک ڈاؤن کے باوجود اسے دیکھنے کے لیے روزانہ بڑی تعداد میں لوگ فارم ہاؤس پہنچتے رہے۔

ایک بنگلادیشی افسر نے فیس بک پر لکھا کہ حکام نے گنیز بک آف ریکارڈز کو بھی رانی کی موت سے مطلع کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ دنیا کی سب سے چھوٹی گائے کا اعزاز اس وقت بھارت کی ایک بونی گائے کو حاصل ہے جس کا قد 24 انچ ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں