کراچی : کراچی یونیورسٹی دہشت گردی واقعے میں جاں بحق وین ڈرائیور کی لاش کی شناخت ہوگئی ، جس کے بعد خالد کی میت ورثا کے حوالے کرنے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی یونیورسٹی دہشت گردی واقعے میں جاں بحق وین ڈرائیور کی شناخت ہوگئی، تفتیشی حکام نے بتایا کہ ڈرائیور خالد نواز کی لاش کی شناخت ڈی این اے کی مدد سے ہوئی۔
ڈی این اے سیمپلز میچ ہونے پر سی ٹی ڈی حکام کو آگاہ کر دیا گیا، جاں بحق وین ڈرائیور کی لاش جلد ورثا کے سپرد کردی جائے گی، وین ڈرائیور خالد نواز کے بھائی نے نمونے گزشتہ روز دیئے تھے۔
جاں بحق وین ڈرائیور خالد کی میت ورثا کے حوالے کرنے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے ، میت کو قومی پرچم میں لپیٹ کر اعزاز کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
ڈی سی فیروزآباد نے بتایا کہ خالد نواز کا ڈی این اے میچ ہوچکا ہے، میت گھرپہنچائیں گے، وزیراعلیٰ کے احکامات تھے میت کو انتظامیہ خود گلشن معمار پہنچائے ، لاش واقعے والے دن سے سرد خانے میں رکھی ہوئی تھی۔
یاد رہے گذشتہ روز ذرائع کا کہنا تھا کہ خودکش دھماکے میں ہلاک چاروں افراد کی لاشیں نا قابل شناخت ہیں ، شناخت میں تاخیر سےاہلخانہ کے ڈی این اے سیمپل کا دستیاب نہ ہونا ہے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستانی ڈرائیور کے اہل خانہ کے ڈی این اے حاصل کئےجارہے ہیں جبکہ چینی باشندوں کے اہل خانہ کے ڈی این اے سیمپل موجود نہیں۔
چینی افراد کے زیر استعمال اشیا سے ڈی این اے نمونے لینےکی کوشش جاری ہے ، چینی افراد کے زیر استعمال ٹوتھ برش ریزرو دیگر اشیاسےنمونے ملنے کی امید ہیں۔