ہماری زمین جو اس وقت سبز نظر آتی ہے، کیا آپ کو علم ہے کہ پرانے وقتوں میں جامنی ہوا کرتی تھی؟
اگر آپ زمین کی تصاویر دیکھیں تو آپ زمین پر ایک نیلا رنگ غالب دیکھیں گے جبکہ کہیں کہیں سبز رنگ بھی دکھائی دے گا۔ نیلا رنگ سمندر کا جبکہ سبز رنگ زمین پر اگی نباتات کا ہے۔
تاہم سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ کروڑوں سال قبل زمین میں سبز کی جگہ جامنی رنگ ہوا کرتا تھا۔
امریکی ریاست میری لینڈ کی یونیورسٹی اور اسپیس ٹیلی اسکوپ سائنس انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین کا قیاس ہے کہ لگ بھگ 40 کروڑ سال قبل پودوں میں کلوروفل سبز کی جگہ جامنی رنگ کو منعکس کرتا تھا جس کی وجہ سے زمین کا ایک بڑا حصہ جامنی دکھائی دیتا تھا۔
خیال رہے کہ کلوروفل وہ مادہ ہے جو پتوں کے اندر موجود ہوتا ہے اور سورج کی روشنی سے پودے کے لیے غذا بناتا ہے، اس عمل (فوٹو سینتھسس) کے دوران سبز رنگ بھی پیدا ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق کلوروفل سورج کی شعاعوں سے نیلا اور سرخ رنگ لے کر سبز رنگ منعکس کرتا ہے۔
اسپیس ٹیلی اسکوپ سائنس انسٹی ٹیوٹ کے پروفیسر ولیم اسپارکس کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ فوٹو سینتھسس کا عمل کلوروفل کے اندر موجود جامنی رنگ کی جھلی کے نیچے انجام پاتا ہو۔
ان کے مطابق ممکن ہے یہ جامنی جھلی سبز رنگ کو جذب کرلیتی ہو اور کلوروفل صرف جامنی رنگ کو منعکس کرسکتا ہو۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فوٹو سینتھسس کے دوران جامنی رنگ پیدا کرنے کا عمل، سبز رنگ پیدا کرنے کے مقابلے میں نسبتاً کم پیچیدہ ہے اور اس کے لیے کم آکسیجن درکار ہے۔
ماہرین کے مطابق زمین کا جامنی ہونا صرف ایک مفروضہ بھی ہوسکتا ہے تاہم یہ مفروضہ زمین کے قدیم ادوار کے بارے میں اب تک کی تحقیقوں سے مماثلت رکھتا ہے۔