پیر, نومبر 18, 2024
اشتہار

پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید زلزلہ،اموات کی تعداد276ہوگئی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان، افغانستان، بھارت،کشمیر، تاجکستان اور کرغستان زلزلے سے لرز اٹھا اور اب تک محض پاکستان میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 210 سے تجاوز کرگئی۔

پاکستان میں 10سال بعد پھر قیامت خیز زلزلے سے 276 افراد جاں بحق جبکہ1300سے زائد زخمی ہوگئے، زلزلے سے خیبرپختونخوا میں درجنوں عمارتیں گرگئیں، پشاور کے اسپتال زخمیوں سے بھر گئے ہیں.

اپردیر اور لوئر دیر میں 32،شانگلہ میں 31 اور سوات میں 28افراد جاں بحق ہوئے، چترال میں 29،ضلع تورغر میں19 اور باجوڑ میں 16افراد جاں بحق ہوئے ہیں، بونیر میں10،گلگت، دیا میر،غذر، ہنزہ نگر میں15 اور چلاس میں 2افراد جاں بحق ہوئے ہیں.

- Advertisement -

پشاور میں6، مہمند ایجنسی میں 5 اور چارسدہ میں 4افراد زلزلے سے جاں بحق ہوئے ہیں، صوابی میں زلزلے سے 4، میرانشاہ اور کوہستان لوئر میں تین ، تین افراد جاں بحق ہوئے ، مالاکنڈ ڈویژن میں135 ، داسو میں7 اور مردان میں 2افرادجاں بحق ہوئے.

جنرل راحیل شریف کا زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کو زلزلے سےہونےوالے نقصانات اورپاک آرمی کی امدادی کارروائیوں سے آگاہ کیا۔

میاں نواز شریف نے برطانیہ کا دورہ مختصر کردیا

اس افسوس ناک سانحے کے پیشِ نظر وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے برطانیہ کا دورہ مختصر کردیا ہے اور وہ آج رات 10 بجے وطن لوٹ رہے ہیں۔

    پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز افغانستان کے دور افتادہ علاقے فیض آباد میں تھا اور اس کی گہرائی ایک چھیانوے کلومیٹر تھی.بعد ازاں شدت 7.6 اور اس کے بعد 7.5 بتائی گئی۔ میٹ آفس کے مطابق خیبرپختونخوا، شمالی علاقہ جات اور پنجاب کے کئی شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش ہے اور ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 8.1 ہے، زلزلے سے پنجاب، خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر متاثر ہوئے، زلزلہ213 کلومیٹر گہرائی میں آیا۔  

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کیا ہے کہ بھارت افغانستان اور پاکستان کے زلزلہ متاثرین کو مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔  

 

زلزلے کے باعث لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل کر سڑکوں پر اکٹھے ہو گئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے،زلزلے کے بعد لوگو ں میں خوف وہراس پھیل گیا ہے جبکہ لوگ اپنے پیاروں کو فون بھی کرتے رہے۔

 

 

امریکہ کا پاکستان میں آنے والے زلزلے میں اموات پر افسوس کا اظہار

وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوز ارنسٹ نے ایک بیان میں پاکستان میں زلزلے سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہارکیا ہے.

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو پاکستان افغانستان میں زلزلے کی تباہ کاریوں پر افسوس ہے ،ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ امریکی حکومت زلزلے کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے کسی بھی مدد کیلئے تیار ہے.

پیپلز پارٹی کا زلزلہ متاثرین کی امداد کا اعلان

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ذرداری نے اعلان کیا ہے کہ پیپلز پارٹی زلزلہ متاثرین کی امداد اور بحالی میں ہر ممکن حصہ لے گی۔

زلزلے سے رام پورہ کوہاٹی گیٹ میں عمارتیں گرنے کی اطلاع ہیں جبکہ چترال میں زلزلے کے باعث شدید نقصان کی اطلاع زلزلے کے جھٹکوں سے موبائل فون سروس بھی متاثر ہوئی. کبیروالا،خانپور ،رحیم یار خان،جھنگ، بھاولپور، میاں چنوں،جام پور، سمندری، کوٹ رادھا کشن، صحبت پورمیں زلزلے کی شدید جھٹکے محسوس کئے گئے کشمور اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ، لوگ گھروں سے نکل آئے۔ میر پور آزاد کشمیرمیں زلزلے کے شدید جھٹکوں سے عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے ، ملک بھر میں زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا خدشہ ہے جبکہ سری نگر میں زلزلے سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا ہے. زلزلے کے جھٹکے بھارت کے دارالحکومت دہلی تک محسوس کیے گئے ہیں۔

افغان دارلحکومت کابل میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے صوبے بدخشاں میں زلزلے سے متعددافرادزخمی ہوگئے جبکہ صوبہ پنج شیر میں کئی مکانات منہدم ہوگئے ہیں۔

وزیر اعظم نواز شریف نے فوری امدادی کاروائیاں شروع کرنے ہدایت کردی ہے، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ تمام وسائل بروئے کار لائے جائے، سو ل ملٹر ی اور صوبائی ایجنسیوں کو متحرک ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امدادی کاروائیوں میں کوئی کثر نہیں چھوڑی جائے۔

آرمی چیف کی جوانوں کو متاثرہ علاقوں میں فوری پہنچنے کی ہدایت

پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے تمام فارمیشنز کو ہدایت جاری کی ہے کہ ملک میں آنے والے بدترین زلزلے کے نقصانات کا جلد از جلد تخمینہ لگایا جائے اور متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی جائیں ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی ہدایت پر تمام سی ایم ایچ ہائی الرٹ کردیئے گئے۔آرمی کے تمام ہیلی کاپٹر متحرک کردئیے گئےِ جبکہ خصوصی مشینری اور امدادی ٹمیں بھی روانہ کردی گئیں. ملک میں آنے والے بد ترین زلزلے کے فورا بعد ایک اعلی سطحی ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ پاک فوج کی تمام فارمیشنز کسی بھی قسم کے احکامات کا انتظار کئے بغیر فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دیں ۔ خصوصا دور دراز کے دیہی علاقوں تک پہنچا جائے ۔

اجلا س میں ملک بھر کے سی ایم ایچ میں ہنگامی صورتحال کی ہدایات جاری کی گئیں اور انجینئر نگ کے شعبے کو متعلقہ مشینری ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جا ری کر دی گئی ہیں ۔ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے مطابق پاک فوج کے تمام ہیلی کاپٹرز کو ممکنہ متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے تاکہ نقصانات کا ابتدائی تخمینہ لگا کر اس کی روشنی میں امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا جا سکے۔

افغانستان میں زلزلہ ، ہلاکتوں کی تعداد 180 ہوگئی

افغانستان میں زلزلے سے عمارتیں، مکان، پہاڑ لرز اٹھے، افغان ٹی وی آریانا کا اینکر زلزلے کے جھٹکے محسوس کرکے اسٹوڈیو سے باہرنکل گیا۔ ضلع بدخشاں میں زلزلے کے بعد ایک ا سکول میں بھگدڑ سے بارہ طالبات جاں بحق ہوگئیں جبکہ متعدد طالبات شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق طالبات اسکول کی چوتھی منزل پر موجود تھیں، زلزلہ آنے پر نیچے کی طرف بھاگیں طالبات کی ہلاکت بھگڈر اور کچلے جانے کی وجہ سے ہوئی، ملک کے دوسرے کئی علاقوں میں بھی زلزلے سے تباہی مچی اور بڑی تعداد میں لوگ ہلاک اور زخمی ہوگئے۔

بھارت کی شمال مغربی ریاستوں اور مقبوضہ کشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے

زلزلے کے جھٹکے بھارت کی شمال مغربی ریاستوں اور مقبوضہ کشمیر میں بھی محسوس کئے گئے، افغانستان کے شمالی علاقے میں آنے والا زلزلہ اتنا شدید تھا کہ اس کے جھٹکے بھارت میں مقبوضہ کشمیر، ہماچل پردیش، پنجاب، ہریانہ اور نیو دہلی تک محسوس کئے گئے، ساٹھ سیکنڈ تک جاری رہنے والے زلزلے کے جھٹکوں سے گھبرا کر لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے.

متاثرہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہ مولا میں زلزے سے بھارتی فوج کا بنکر گر گیا، جس کی زد میں آکر دو بھارتی فوجی زخمی ہوگئے، سری نگر میں ایک فلائی اوؤر کو بھی نقصان پہنچا۔

ٹوئٹر صارفین کی جانب سے اس ہولناک زلزلہ کے لمحات

 

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں