اسلام آباد، خیبرپختونخوا، پنجاب اور آزاد کشمیر میں چھ اعشاریہ نو شدت کا زلزلہ آیا، جس سے خوف وہراس پھیل گیا جبکہ پشاور میں دیواریں گرنے سے 50 افراد زخمی ہوگئے، خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے عملہ طلب کرلیا گیا ہے۔
ملک کے مختلف شہر رات گئے زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھے، آزاد کشمیر، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، پنجاب اور گلگت بلتستان کے مختلف علا قوں میں زلزلے کے جھٹکوں سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ شدید سردی میں گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ نو ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز افغانستان تاجکستان سرحدی علاقہ تھا، زلزلے کی گہرائی ایک سو ستانوے کلومیٹر اور دورانیہ انسٹھ سیکنڈ تھا۔
چلاس میں لینڈ سلائیڈنگ اور پشاور میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے تیس زائد افراد زخمی ہوئے، جس کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو طلب کرلیا گیا۔
زلزلے سے اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس کی زد میں آکر خاتون چل بسی جبکہ پہاڑی تودے گرنے سے مکانات کو جزوی نقصان پہنچا، اسلام آبادمیں زلزلے کے باعث قراقرام ہائی وے آٹھ مقامات سے لینڈ سلائیڈنگ کی نذر ہوگئی۔
لاہور میں بھی زلزلے سے شہری خوف وہراس کا شکار ہوگئے، زلزلے کے بعد این ڈی ایم اے نے ہدایت جاری کی ہیں کہ آئندہ چند روز تک آفٹرشاکس کا خطرہ ہے لہٰذا شہر محتاط رہیں۔