لاہور : پنجاب کے دارلحکومت لاہور سمیت مختلف شہر زلزلے سے لرز اٹھے ، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
لاہور ، قصور، اوکاڑہ اور شیخوپورہ ، صفدرآباد، خانقاہ ڈوگراں اور گردونواح میں زلزلہ محسوس کیا گیا۔
زلزلہ پیما مرکز نے بتایا زلزلے کی شدت4.4ریکارڈکی گئی اور مرکز لاہور سے 25 کلو میٹر جنوب مغرب میں تھا جبکہ زلزلے کی گہرائی 14 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے کو پنجاب کے تمام اضلاع سے زلزلہ سے متعلق ابتدائی رپورٹ موصول ہوگئی ہے، جس میں بتایا کہ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں زلزلہ محسوس کیاگیا، قصور ،اوکاڑہ ،شیخوپورہ ،مرید کےودیگراضلاع میں زلزلہ محسوس کیا گیا۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کی انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے اور زلزلہ کے آفٹر شاکس سے نمٹنے کیلئےمشینری ،عملہ الرٹ ہے، اس کے ساتھ پراونشل کنٹرول روم سمیت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرزالرٹ ہیں۔
مزید پڑھیں : بلوچستان میں 5.5 شدت کے زلزلے کے جھٹکے
یاد رہے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں 5.5 شدت کا زلزلہ آیا تھا، زلزلے کا مرکز ڈیرہ غازی خان سے تقریباً 80 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا۔
مقامی انتظامیہ نے تصدیق کی تھی کہ زلزلے کے جھٹکوں نے راشام کے علاقے میں زمینی نقصان پہنچایا، جہاں دو مکانات گر گئے اور پانچ دیگر مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے، واقعے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حکام نے بتایا تھا کہ فی الحال نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔