گلگت: گلگت بلتستان کے شہر اسکردو کے علاقے روندو میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اب تک 5 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسکردو کے علاقے روندو میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.6 ریکارڈ کی گئی تاہم اس کی گہرائی صرف 10 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کے باعث جگلوٹ اسکردو روڈ کئی مقامات پر بند ہوگئی، ملوپہ کے مقام پر پہاڑی تودہ گرنے سے شاہراہ بند ہوگئی، سڑکوں کی بندش کے باعث مسافر پھنس کر رہ گئے جبکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر روندو محمد اویس کا کہنا ہے کہ زلزلے میں 5 افراد زخمی ہوگئے، 3 زخمیوں کو اسکردو اور 2 کو گلگت منتقل کیا گیا ہے، زلزلے سے جگلوٹ اسکردو روڈ مختلف مقامات پر بند ہوگئی۔
اے سی کا کہنا ہے کہ علاقے میں سڑکوں اور واٹر چینلز کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، یلبو کے مقام پر آفٹر شاکس کی بھی اطلاعات ہیں، فی الحال سڑکیں بند ہیں حتمی تفصیلات رابطے بحال ہونے پر فراہم ہوسکیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہیں۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (جی بی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ اسکردو میں زلزلے کی وجہ سے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔