اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت خیبر پختونخواہ، پنجاب، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں زلزلہ محسوس کیا گیا۔
صوبہ خیبر پختونخواہ کے جن علاقوں میں زلزلہ محسوس کیا گیا ان میں صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت مانسہرہ، سوات، مردان، لوئر دیر، بونیر، ایبٹ آباد، خیبر، شانگلہ اور لنڈی کوتل وغیرہ شامل ہیں۔
آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
صوبہ پنجاب کے شہروں علی پور، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، میانوالی، کالا باغ اور سانگلہ ہل میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا، جبکہ گلگت بلتستان کے چلاس، گلگت، غذر اور اسکردو میں بھی زلزلے کے اثرات محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 210 کلومیٹر تھی، زلزلے کا مرکز ہندو کش ریجن افغانستان تھا۔
زلزلے کی شدت اور مرکز کے باعث افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا۔
زلزلے کے باعث لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، تاحال کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔