کوئٹہ : بلوچستان کا دارلحکومت کوئٹہ زلزلے سے لرز اٹھا ، جس کے سبب عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ اور نواحی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ زلزلے کی شدت 3 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 12 کلومیٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز کوئٹہ سے تقریباً 90 کلومیٹر مغرب میں واقع تھا۔
زلزلے کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے تاہم فی الحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
گذشتہ روز کو پاکستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے ، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.1 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ اس کا مرکز افغانستان کے کوہ ہندوکش کے علاقے میں واقع تھا جس کی گہرائی سطح 60 کلومیٹر نیچے تھی۔
ماہرین زلزلہ کا کہنا تھا کہ ہندوکش کا خطہ زلزلہ کے لحاظ سے متحرک ہے، اور علاقے میں ٹیکٹونک حرکت کی وجہ سے معمولی سے درمیانے درجے کے زلزلے عام ہیں، حکام صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، حالانکہ ابھی تک کسی آفٹر شاکس کی اطلاع نہیں ملی ہے۔