وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اسلام آباد، سوات، بٹگرام، مانسہرہ، مری، ایبٹ آباد اور گردونواح میں زلزلےکےجھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
ریکٹر اسکیل پر زلزلےکی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی، زلزلےکا مرکز مینگورہ سے 25 کلومیڑ شمال مشرق میں تھا اور زلزلے کی گہرائی 20کلومیٹر تھی۔
زلزلے کے باعث عوام میں شدید خوف وہراس پھیلا اور لوگ کلمہ طیبہ اور استغفار کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے، فوری طور پر زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
یاد رہے رواں سال اپریل میں سوات اور گرد ونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی تھی۔
اس سے قبل فروری میں بھی اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی اور پشاور سمیت کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، پاکستان میٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 80 کلو میٹر زیر زمین تھی۔