راولپنڈی : پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے بعد پاک فوج کے تمام یونٹس امدادی سرگرمیوں کیلئے تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان، بلوچستان اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ہدایات پر پاک فوج کے تمام متعلقہ یونٹس کو امدادی سرگرمیوں کیلئے تیار رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
آنے والا زلزلے میں اب تک کسی بھاری نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم متفرق عمارات کی دیواروں میں دراڑوں کی اطلاع موصول ہوئی ہیں۔
آرمی چیف کی ہدایات کے مطابق کسی بھی علاقے میں نقصان کی اطلاع پر سول انتظامیہ کی معاونت کو یقینی بنانا اور فوری ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا جانا شامل ہے تاکہ بروقت کاروائی کرکے قیمتی جانوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
اس حوالے سے تمام متعلقہ آرمی اور ایف سی کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں تیار ہیں، قدرتی آفات ہوں یا سیکیورٹی کے درپیش چیلنجز پاک فوج عوامی خدمت سے سرشار رہی ہے۔
یاد رہے گذشتہ شب اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔
زلزلے سے درو دیوار ہل گئے، سامان بکھرگیا اور کئی عمارتوں میں دراڑیں پڑگئیں جبکہ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکزکا کہنا تھا کہ ریکٹراسکیل پرزلزلےکی شدت چھے اعشاریہ آٹھ ریکارڈکی گئی، زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجکر سینتالیس منٹ پر آیا۔
زلزلے کا مرکز افغانستان میں نوہندوکش کا خطہ تھا،گہرائی ایک سواسی کلومیٹرتھی، زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیرکے دور دراز کے شہروں تک محسوس کیے گئے۔