میرپور: ملک کے مختلف علاقوں میں 5.8 شدت کے زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیل گئی ہے، میرپور جاتلاں میں نہر اپر جہلم کے قریب سڑکوں میں گہرے شگاف پڑ گئے جس کے باعث کئی گاڑیاں الٹ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق میر پور آزاد کشمیر میں زلزلے نے تباہی مچا دی ہے، سڑکیں ٹوٹ کر دھنس گئیں، بڑی تعداد میں لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، ڈپٹی کمشنر میرپور کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث ایک عمارت بھی مہندم ہو گئی ہے جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے، جنھیں اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
میرپور آزاد کشمیر، جاتلاں اور گرد و نواح میں مواصلاتی نظام منقطع ہو چکا ہے، اب تک 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، جب کہ 100 زخمی ہوئے، رکن آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری سعید نے بتایا کہ زلزلے کے باعث ایک نجی اسپتال کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
زلزلے کی تفصیل: ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، 2 افراد جاں بحق، 100 زخمی
وزیر اعظم آزاد کشمیر
دوسری طرف وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے زلزلے کی اطلاع ملتے ہی دورہ لاہور مختصر کر دیا اور ہنگامی دورے پر لاہور سے میر پور روانہ ہو گئے، جہاں وزیر اعظم آزاد کشمیر امدادی کاموں کی نگرانی خود کریں گے۔
انھوں نے امدادی اداروں کو کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کہا زلزلے کی اطلاع پر میرپور واپس جا رہا ہوں، این ڈی ایم اے کی ٹیمیں بھی میرپور پہنچ رہی ہیں، امدادی کارروائیوں کی ہدایت پر آرمی چیف کا شکر گزار ہوں۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، میر پور جا کر امدادی کاموں کی نگرانی خود کروں گا۔
صدر آزاد کشمیر
صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے میرپور اور ملحقہ علاقوں میں زلزلے سے نقصان پر اظہار افسوس کیا، اور کہا زلزلے سے متاثر ہونے والے خاندانوں کی بھرپور مدد کی جائے گی، میرپور کی ضلعی انتظامیہ، ملحقہ اضلاع کے عوام متاثرین کی مدد کریں، نقصانات کی معلومات حاصل کرنے کے لیے انتظامیہ سے رابطے میں ہیں۔
انھوں نے کہا مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، میرپور کے عوام ہمت اور حوصلہ سے اس قدرتی آفت کا مقابلہ کریں۔