اسلام آباد : مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ٹیکسٹائل مصنوعات سےایڈیشنل کسٹم اور ریگولیٹری ڈیوٹی ہٹانےکی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں چھ نکاتی ایجنڈے اور اسٹیل ملز ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے غور کیا گیا۔
ای سی سی نے ٹیکسٹائل مصنوعات سے ایڈیشنل کسٹم اور ریگولیٹری ڈیوٹی ہٹانےکی منظوری دے دی جبکہ ثقافت ڈویژن کے اخراجات کیلئے8کروڑ50لاکھ روپے ضمنی گرانٹ اور اسلام آبادہائیکورٹ کیلئے10کروڑ20لاکھ روپےتکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی۔
اجلاس میں ا سٹیل ملز کے ملازمین کیلئے 3.8 ارب روپے کی منظوری بھی دی گئی ،یہ رقم رواں مالی سال اسٹیل ملزملازمین کی تنخواہوں کیلئےاستعمال ہوگی۔
اجلاس میں امیونائزیشن پروگرام کے بجٹ کو ترقیاتی بجٹ سے ریونیو بجٹ پر منتقل کئے جانے کا بھی امکان ہے۔
گذشتہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں معذورافراد اسکیم کے تحت ڈیوٹی فری گاڑی درآمد کرنےکی حد بڑھانے کی اجازت دی تھی ، جس کے تحت گزشتہ دس سال میں گاڑی نہ خریدنے والے اس سہولت سے فائدہ حاصل کرسکیں گے۔
پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کی قیام اور ڈائریکٹرز کی منظوری دے دی گئی تھی جبکہ کمیٹی نے این سی او سی کے لیے 21 کروڑ 96 لاکھ 31 ہزار کی تکنیکی ضمنی گرانٹ ، وزارت ریلوے کی اخراجات کےلیے6ارب کی اضافی گرانٹ کی منظوری دی ، 50کروڑ ماہانہ کی رقم تنخواہوں، پنشن اور ضروری اخراجات پر خرچ ہوں گے۔
اجلاس میں دینی مدارس کےلیے9 کروڑ 61 لاکھ کی ضمنی گرانٹس اور ’’سب کیلئے ہنر‘‘ پروگرام کیلئے 16 کروڑ کی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی ، جبکہ گندم کی درآمد کا معاملہ مزید غور کے لیے مؤخر کردیا گیا تھا۔