تازہ ترین

ای سی سی نے الیکٹرک بائیکس اور ای رکشہ اسکیم کی منظوری دے دی

اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے الیکٹرک بائیکس اور ای رکشہ اسکیم کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت میں آج ای سی سی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں الیکٹرک بائیکس اور ای رکشہ اسکیم کی منظوری دی گئی۔

وزیر اعظم یوتھ بزنس اور زرعی لون اسکیم کے تحت ای بائیکس اور رکشہ کے لیے قرضہ دیا جائے گا، وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ ٹیئر ون کیٹگری کے لیے 5 لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا۔

پی آئی اے کے لیے 15 ارب 60 کروڑ روپے کے قرض کے لیے گارنٹی میں اضافے کی منظوری بھی دی گئی، ای سی سی کے مطابق پی آئی اے کے لیے گارنٹی کی حد بڑھا کر 263 ارب 23 کروڑ کر دی گئی، اس سے پہلے گارنٹی کی حد 247 ارب 63 کروڑ روپے تھی۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے 20 ہزار میٹرک ٹن چینی کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی، رمضان اور عید الفطر کے دوران چینی 95 روپے فی کلو کے حساب سے خریدی جائے گی، یہ چینی پنجاب حکومت کی جانب سے ضلعی سطح پر عوام کو فروخت کی جائے گی، ای سی سی نے دیگر صوبوں میں بھی اس قسم کے انتظامات کی ہدایت کر دی ہے۔

وزارت ہاؤسنگ کے لیے 26 کروڑ 11 لاکھ روپے کی ضمنی گرانٹ، وزارت قومی صحت کے لیے 14 کروڑ 25 لاکھ روپے کی گرانٹ، سپریم کورٹ کی عمارت اور ججز کی رہائش گاہوں کی مرمت کے لیے 25 کروڑروپے گرانٹ، وزارت خارجہ کے لیے بجلی بل واجبات کی ادائیگی کے لیے 2 کروڑ 20 لاکھ کی گرانٹ منظور کی گئی۔

Comments

- Advertisement -