اسلام آباد : اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلٹی اسٹورز پر وزیراعظم پیکیج میں مزید ایک ماہ کی توسیع کردی اور ہدایت کی کہ عالمی مارکیٹ میں اشیاکی قیمتوں میں اضافے سے نظرثانی شدہ سمری پیش کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں ای سی سی نے وزیر اعظم یوٹیلیٹی اسٹورز پیکیج پر مزیدایک ماہ کی توسیع دے دی۔
اجلاس میں وزارت صنعت کو یوٹیلیٹی اسٹورزپیکیج پر تفصیلی سمری دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں اشیاکی قیمتوں میں اضافے سے نظرثانی شدہ سمری پیش کی جائے۔
کمیٹی نے مزید 6 لاکھ 40 ہزار ٹن گندم برآمد کے ٹینڈر کی منظوری دی اور اوورسیزپاکستانیوں کیلئےپاورآف اٹارنی کی آٹومیشن کیلئے8کروڑ33لاکھ گرانٹ منظور کرلی۔
خیال رہے وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر پیکیج کے لئے 71 ارب روپے منظوری کئے تھے، یوٹیلیٹی اسٹورز پر 8 جنوری 2020 سے 5 بنیادی اشیاء پر سبسڈی دی جارہی ہے۔
حکام یوٹیلٹی اسٹورز کے مطابق ان کے اسٹورز پر ڈیڑھ سال سے چینی کی قیمت 68 روپے فی کلو مقرر جبکہ آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 800 روپے مقرر ہے جبکہ گھی کی قیمت 170 روپے فی کلو مقرر کی گئی ۔