اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت آج ہوگا، اجلاس میں متعدد مالیاتی امور زیر غور آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، اجلاس میں تمباکو پر عائد سیس کے ریٹس کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں یوریا کی رسد میں کمی دور کرنے کے اقدامات سے متعلق فیصلہ ہوگا، ملک میں موجود گندم کے ذخائر سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے گی جبکہ نان ریزیڈنٹ کمپنیوں پر عائد ٹیکسوں کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔
اس سے قبل 28 اگست کو ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز اور پاکستان مشین ٹول فیکٹری کے ملازمین کو تنخواہ ادا کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔
اجلاس میں پاکستان اسٹیل کے ملازمین کی مالی سال 20-2019 کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے مزید 4097 ملین روپے اور پاکستان مشین ٹول فیکٹری کے ملازمین کو فروری تا مئی کی تنخواہ ادا کرنے کے لیے 128 ملین روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی تھی۔
گزشتہ اجلاس میں گوادر پورٹ اور گوادر فری زون کو انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور کسٹمز ڈیوٹی کی چھوٹ دینے کے لیے متعلقہ قوانین میں ترمیم کی بھی منظوری دی گئی۔