اسلام آباد: رواں برس حج کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے حج انتظامات کی منظوری دیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ اس سال درخواست دینے والے تمام افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رواں سال کے حج انتظامات کی منظوری دے دی، حج انتظامات کے لیے 16 کروڑ 30 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق اس سال درخواست دینے والے تمام افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے، رواں برس کل 72 ہزار 869 افراد حج ادا کریں گے۔