اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چھوٹے اور درمیانہ درجے کے کمرشل صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اپنے اعلامیے میں عوام کو خوش خبری دی ہے کہ 300 یونٹ والے گھریلو صارفین کے لیے بجلی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا۔
[bs-quote quote=”300 یونٹ والے گھریلو صارفین کے لیے بجلی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ زرعی ٹیوب ویل پر بجلی کے نرخ 5 روپے 35 پیسے فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں، زرعی ٹیوب ویل کے صارفین کے لیے پرانا نرخ 10 روپے 35 پیسے تھا۔
اعلامیے کے مطابق تمام کیٹیگریز کے صنعتی صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی 78 پیسے مہنگی کر دی گئی ہے، انڈسٹریل پیکج کے تحت 3 روپے فی یونٹ سبسڈی برقرار رکھی گئی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ 5 بر آمدی سیکٹرز کے لیے بجلی 7 اعشاریہ 5 سینٹ فی یونٹ سے زائد نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: اقتصادی رابطہ کمیٹی کی بجلی کے نرخوں میں اضافے کی منظوری
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اسکولوں اور اسپتالوں کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا، بجلی کے نرخوں میں غریب اور متوسط طبقے کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آج وزیرِ خزانہ اسد عمر کی زیرِ صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں بجلی کی قیمتوں سے متعلق فیصلہ کیا گیا۔ وزیرِ خزانہ نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ توقع سے کم کیا گیا ہے۔