اسلام آباد : وزیرخزانہ اسدعمر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کیلئے ایک ارب 70کروڑ روپے فنڈ ز کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیرخزانہ اسدعمر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں مختلف منصوبوں اور اقدامات کی منظوری دے دی گئی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے پی آئی اے کے ذمے96ارب کے بقایاجات منجمد کرنے کی منظوری دی گئی،96ارب روپے کے بقایاجات جون تک منجمد کئے گئے ہیں، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کے طیارے کی مرمت کیلئے تین ملین ڈالر کی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کیلئے ایک ارب70کروڑ روپے فنڈز کی منظوری جبکہ پاسکو کے گندم کی برآمدات کی مدت میں دو ماہ کی توسیع کرنے کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس میں ای سی سی نے حلال اتھارٹی کے قیام میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ حلال اتھارٹی کو جلد ازجلد فعال بنایا جائے۔
اس کے علاوہ ای سی سی کو ایل این جی ٹرمینلز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ تیسرا ایل این جی تعمیر کرنے کا اصولی فیصلہ ہو چکا ہے،اجلاس میں کپاس کی پیداوار کے حوالے سے ای سی سی کو بریفنگ بھی دی گئی۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کیلئے پانی کے چارجز میں اضافے کے حوالے سے پانی چارجز15پیسے سے ایک روپیہ10پیسے فی یونٹ کی منظوری دی گئی، چارجز کی ادائیگی کیلئے بجلی کی قیمتوں میں11پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جائے گا۔